عید تو صحیح معنوں میں پاکستان میں ہی ہوتی ہے، فنکار

July 24, 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے ’’جیو پاکستان‘‘کے عید اسپیشل شو میں گفتگو کرتے ہوئے فنکاروں نے کہا ہے کہ عید تو صحیح معنوں میں پاکستان میں ہی ہوتی ہے،قربانی کرنے کے لئے قصائی کا ملنا بہت مشکل ہوگیا ہے،اناڑی قصائی منہ مانگے داموں پر قربانی کرتے نظر آتے ہیں۔

ٹی وی اداکارہ کومل عزیز خان کہتی ہیں میرا پورا خاندان کراچی میں ہے اس لئے مجھے دور کا سفر کرنا نہیں پڑتا ہے عید کے دوسرے اور تیسرے دن ہمارے گھر پر دعوتیں ہوتی ہیں پہلے دن ہم قربانی کرتے ہیں اور ہم سب خوب انجوائے کرتے ہیں۔

اداکارہ اشما گل کہتی ہیں تعلق تو میرا کراچی سے ہے لیکن میری پوری فیملی لاہور میں رہتی ہے لیکن میں خود کو یہاں زیادہ آرام دہ محسوس کرتی ہوں گھر والے یاد آتے ہیں مگر کام بھی ضروری ہے اور کام کی وجہ سے ہی میں یہاں پر ہوں ۔

گلوکارہ ضو علی کہتی ہیں میری زیادہ تر عمر دبئی میں گزری ہے مگر وہاں پر بھی عید بقرعید پر پاکستان جیسا ہی سماں ہوتا ہے مگر وہ رونق نہیں ہوتی جیسی پاکستان میں ہوتی ہے عید تو درست معنوں میں پاکستان میں ہوتی ہے ۔ضو علی کا کہنا تھا کہ چھوٹی عید میں نے لاہور میں منائی تھی اور وہاں پر ہمارا سارا خاندان موجود تھا ۔

انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال ان کی دونوں عیدیں دبئی میں ہوئی تھیں جہاں مکمل لاک ڈاؤن تھا گھر سے باہر نکلنے تک کی اجازت نہ تھی اس لئے دونوں عیدیں گھر میں رہتے ہوئے ہی گزری ہیں ۔

اس لئے میں نے بوریت کو دور کرنے کے لئے گھر میں ہی فوٹو شوٹ کرنا شروع کردیا ۔ انہوں نے میڈم نورجہاں کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہا ان کی آواز کا جادو مجھے محسور کردیتا ہے ۔ اس موقع پر ضو علی نے ناظرین کی دلچسپی کے لئے اپنی آواز کا جادو بھی جگایا۔اشما گل کا کہنا تھا کہ قربانی کرنے کے لئے قصائی کا ملنا بہت مشکل ہوگیا ہے اور اناڑی قصائی منہ مانگے داموں پر قربانی کرتے نظر آتے ہیں ۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اناڑی قصائی انتہائی غلط طریقے سے جانوروں کو ذبح کرتے ہیں اور سنت طریقہ نظر نہیں آرہا ہوتا ہے ۔اوج بینڈ کے گلوکار حسنین اور عبدالرحمٰن نے اپنی گفتگو میں کہاکہ کوویڈ نے ہمیں اتنا ٹائم فراہم کردیا کہ ہم نے اس میں اپنے مواد کے لئے بہت محنت کی اور کامیاب بھی رہے انہوں نے جنون گروپ کی تعریف کرتے ہوئے ان کا گانا بھی پروگرام میں سنایا ۔

ٹی وی ایکٹر امر خان نے کہا میں ہمیشہ ہی عید لاہور میں جاکر فیملی کے ساتھ ہی مناتی ہوں مگر اس مرتبہ عید کراچی میں گزر رہی ہے وجہ کام کی زیادتی ہے تاہم عید پر جو میری دلچسپی ہوتی ہے وہ ہوتی ہے گھر کا کھانا یعنی امی کے ہاتھ کا بنا ہوا کھانا تاہم وہ اس بار نہ ہوسکا لیکن کوئی بات نہیں اس بار ہم عید پر ریسٹورانٹ سے آرڈر کرکے کھانا کھالیں گے جس پر ٹی وی ایکٹر ایشل فیاض نے کہا کہ ریسٹورانٹ سے آرڈر کرنے کے بجائے آپ میرے گھر آجائیں ۔

امر خان کا مزید کہنا تھا کہ ویسے تو میری غذا ڈائٹ فوڈ رہتی ہے تاہم عید کے ایک دو دن میں ڈائٹ چھوڑ کر کھاتی ہوں ورنہ پورا سال ہی میری ڈائٹ جاری رہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اماں کے ہاتھ کا پکا یخنی مٹن پلاؤ میں ضرور کھاتی ہوں اس کے علاوہ مٹن کی مصالحے دار چانپیں بھی اماں کے ہاتھ کی بنی ہوئی لاجواب ہوتی ہیں ۔

ٹی وی ایکٹر عیشل فیاض کاکہنا تھا کہ میری کوکنگ میں دلچسپی زیادتی نہیں ہے تاہم تھوڑا بہت بنابھی لیتی ہوں تاہم امی کچھ بنارہی ہوں تو ان سے سیکھ لیتی ہوں جبکہ میری پھوپھی شیف ہیں ان کی کوکنگ لاجواب ہے ان سے بھی سیکھ لیتی ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں سب کراچی میں ہی اکھٹے ہوتے ہیں بہت انجوائے کرتے ہیں میرا بھائی جو بہاولپور میں ہوتا ہے وہ بھی کراچی آجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری عید پر پسندیدہ سوئٹ ڈش سویاں ہے جو میں بہت شوق سے کھاتی ہوں اس لئے چھوٹی عید ہو یا بڑی عید سویاں لازمی بنتی ہیں ۔

عیشل نے بتایا کہ ٹک ٹاک میرا فیوریٹ ہے میں اکثر ٹک ٹاک بناتی ہوں جس پر مجھے کچھ عجیب قسم کے کمنٹس کا بھی سامنا رہا تاہم میں نے اپنے اس شوق کو نہیں چھوڑا ۔کشمیر بینڈ کے بلال علی عثمان صدیقی ظاہر ذکی نے اپنی گفتگو میں کہاکہ ہمارا گروپ 6 افراد پر مشتمل ہے عید ہم نے بھی منائی ہے مگر کوویڈ کے ایس او پیز کے تحت فاصلہ رکھتے ہوئے منائی ہے ۔

ہم اپنے اس بینڈ کے ساتھ کئی مرتبہ پرفارم کرچکے ہیں اور پسند بھی کیا گیا ہے ۔ بلال علی نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں ایک گانا بنایا ہے اور اس کے بعد اس کا میوزک ترتیب دیا ہے ۔ اس موقع پر کشمیر بینڈ نے اپنی آواز کا جادو بھی جگایا ۔