حکومت عالمی محاذ پر مکمل ناکام ہے، مریم نواز

July 24, 2021

مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے والد کے افغان سفیر اور وزراء سے ملاقات پر تنقید کے بعد ایک بیان جاری کیا ہے۔

مریم نواز نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ اس حکومت کو کچھ سمجھ نہیں آرہا اسی وجہ سے یہ عالمی محاذ پر مکمل ناکام ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمسایوں کے ساتھ پاکستان کا پرُامن وجود نواز شریف کے نظریہ کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب سےبات کرنا، نکتہ نظر سننا، اپنا پیغام خود پہنچانا سفارتکاری کا بنیادی جز ہے۔

واضح رہے کہ افغان قومی سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ لندن میں مقیم مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف سے افغان مشیرِ قومی سلامتی اور افغان وزیرِ مملکت نے ملاقات کی ہے۔

افغان قومی سلامتی کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افغان مشیرِ قومی سلامتی حمد اللّٰہ محب اور وزیرِ مملکت سید سعادت نادری نے نواز شریف سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔