کراچی؛ JS بینک کے اشتراک سے ڈرائیو تھرو کورونا وائرس ویکسی نیشن سہولت قائم

July 25, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں JS بینک کے اشتراک سے ڈرائیو تھرو کورونا وائرس ویکسینیشن سہولت قائم کردی گئی۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ اگر لوگ چاہتے ہیں کہ پابندیاں ختم ہوجائیں تو آبادی کے بڑے حصے کو ویکسینیشن کروانی چاہئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں ڈرائیو تھرو کورونا وائرس ویکسینیشن سہولت قائم کردی۔ صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے یہ سہولت جے ایس بینک کے اشتراک سے قائم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کی دنیا بھر میں توثیق کی گئی ہے کہ اگر لوگ چاہتے ہیں کہ پابندیاں ختم ہوجائیں تو آبادی کے ایک بہت بڑے حصے کو ویکسینیشن کروانی چاہئے۔ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے صوبے بھر میں کئی فری ویکسینیشن مراکز قائم کئے تھے اور آج حکومت نے کلفٹن میں دعا ریسٹورنٹ کے نزدیک ٹیکہ لگانے کی مہم شروع کی ہے۔ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اقدام ہے جو عام شہری کو ویکسینیشن لگوانے کی اجازت دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں موڈرنا، کینسینو اور سائنو فارم ویکسینز دستیاب ہیں۔ ترجمان نے تمام لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ ویکسینیشن لگوائیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔