امتحان دیکر لگنے والے ایس ایچ اوز کے خلاف بھی شکایت

July 25, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس کے امتحان دیکر لگنے والے ایس ایچ اوز کے خلاف بھی ناقص کارکردگی دکھانے اور کرپشن میں ملوث ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس کے افسران کے ہونے والے اجلاس کے دوران افسران کو واضح طور پر کہا گیا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران شہر بھر کے تھانیداروں کے کارکردگی کو مانیٹر کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اب ایکشن لیا جائیگا، ایسے تمام ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی ہوگی ساتھ میں ایس پیز سے بھی تھانوں کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے باز پرس کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اہم اجلاس میں پولیس کے اعلیٰ افسران موجود تھے اور کراچی پولیس چیف کی جانب سے افسران کو کہا گیا ہے کہ ایسے افسران کی فہرست بنائی جائے جن کی کارکرگی غیر تسلی بخش ہے اور ایسے تمام تھانیداروں کو اگلے دو سے تین سالوں تک کسی تھانے میں تھانیدار نہیں تعینات کیا جائے گا۔