پیپلز پارٹی کا آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام

July 25, 2021

پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگادیا۔

پی پی سینیٹر شیری رحمٰن نے الزام عائد کیا کہ کوٹلی میں ہمارے امیدوار چوہدری محمد یاسین کی گاڑی پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے فائرنگ کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوارہ چوک پولنگ اسٹیشن پر پولیس نے پی پی کا کیمپ اکھاڑ دیا جبکہ پی ٹی آئی نے اسی جگہ پر کیمپ قائم کیا ہے۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ پی پی نے الیکشن کمیشن کو تحریری شکایات جمع کرادی ہیں۔

اُن کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت انتخابات چوری کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

پی پی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن حکومتی دھاندلی کو روکے اور شفافیت کو یقینی بنائے۔