نیب مشرف کے دور میں بنی، قوانین میں ترمیم کی جائے، فردوس شمیم نقوی

July 26, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تین سال میں اپنی جے آئی ٹی کا جواب نہیں دے سکے،سندھ حکومت نے اومنی گروپ کو اربوں روپے دیے ہیں، سندھ کے ہر محکمہ میں فراڈ کا بازار گرم ہے،وہ سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈربلال غفارکے ہمرہ اپنی رہائشگاہ پرپریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ رواں سال پوری تنخواہیں اور پینشن کی رقم ترقیاتی بجٹ سے دی جارہی ہیں، سندھ کا غیر ترقیاتی بجٹ اس وقت 46 فیصد ہے،،سندھ فنانس ڈیپارٹمنٹ کی آڈٹ رپورٹ میں پینشنرکا ذکر نہیں ہے، جتنے افسران نے پلی بارگین کی ان کے نام شائع کیے جائیں،انہوں نے کہا کہ نیب مشرف کے دور میں بنی، اسکے قوانین میں ترمیم کی جائے،ہم کوشش کرتے رہیں گے کہ سندھ کے عوام کو پیپلزپارٹی کے طرز حکمرانی سے آگاہ کرتے رہیں،انہوں نے کہاکہ کرپشن پکڑنے کا کوئی سسٹم ہی موجود نہیں ہے،ہمیں خطرہ ہے جس قسم کی چوری چکاری ہورہی ہے سندھ دیوالیہ ہوجائے گا۔