فرحان سعید نئے گانے کی کامیابی پر مداحوں کے مشکور

July 26, 2021

گلوکار فرحان سعید اور گلوکارہ آئمہ بیگ کا عید کے تیسرے روز ریلیز ہونے والے رومانوی گانے ’نہ چھیڑ ملنگاں نوں‘کی کامیابی پر فرحان سعید مداحوں کے محبت کے مشکور ہیں۔

فرحان سعید نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے نئے گانے ’نہ چھیڑ ملنگاں نوں‘ کی کامیابی اور اسے سراہائے جانے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’نئے گانے (نہ چھیڑ ملنگاں نوں) کو جتنا پسند کیا جارہا ہے اس پر اتنا خوش ہوں کہ آپ لوگوں کی محبت اور حوصلہ افزائی کا جتنا بھی مشکور ہوں کم ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اپنے تمام سُننے والوں اور مداحوں کو ایک ساتھ موسیقی کے سحر میں مبتلا کرنا اعزاز ہے۔‘

فرحان نے ایک سال کے وقفے کے بعد اپنے اس نئے گانے کے لیے گلوکارہ آئمہ بیگ اور گلوکار بلال سعید کے ساتھ تعاون کے بارے میں لکھا کہ ’گزشتہ سال زندگی ٹھہری ہوئی سی رہی، خوشی اس بات کی ہے کہ آخرکار موسیقی جو مجھے پسند ہے وہ کر رہا ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس زبردست جوڑی گلوکارہ آئمہ بیگ اور گلوکار بلال سعید کے ساتھ یہ تعاون آنے والی بہت سی اچھی چیزیں کرے گا۔‘

خیال رہے کہ گلوکار فرحان سعید اور گلوکارہ آئمہ بیگ کا عید کے تیسرے روز ریلیز ہونے والا رومانوی گانا ’نہ چھیڑ ملنگاں نوں‘ ویڈیو شیئرنگ ایپ یوٹیوب کی میوزک کیٹیگری میں 15ویں نمبر پر ٹرینڈ کررہا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر اس گانے کو ٹیلر سویفٹ کے 2014 میں ریلیز کیے جانے والے گانے کی کاپی قرار دیا جارہا ہے۔

جس پر اس گانے کے ڈائریکٹر عدنان قاضی نے وضاحت دی کہ گانے میں اسٹائلنگ کاپی نہیں کی گئی بلکہ ٹیلر سویفٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے کیونکہ وہ گلوکارہ سے متاثر ہیں۔