افغان فوجیوں سے پاکستانی شناختی کارڈ برآمدگی کی خبر بے بنیاد ہے، ترجمان نادرا

July 26, 2021

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) نے افغان فوجیوں سے پاکستانی شناختی کارڈ برآمدگی کی خبریں بے بنیاد قرار دے دیں۔

ترجمان نادرا نے ایک بیان میں کہا کہ افغان فوجیوں سے پاکستانی شناختی کارڈ برآمدگی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

ترجمان نادرا نے مزید کہا کہ شناختی کارڈ لنڈی کوتل میں پولیس نے برآمد کیے تھے، کارڈ دیگر برآمد شدہ دستاویزات سمیت لنڈی کوتل کے پولیس اسٹیشن میں ہیں۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ہیڈمحرر لنڈی کوتل نے متعلقہ افراد کی شناخت کے لیے دستاویزات کی تصاویر اپ لوڈ کی تھیں۔

نادرا ترجمان نے کہا کہ 2007 سے پہلے شناختی کارڈ کاغذی کارروائی پر مبنی نظام کے تحت بنائے جاتے تھے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پرانے نظام کے تحت بعض غیر ملکیوں نے دھوکے سے شناختی کارڈ حاصل کیے تھے، 2007 کے بعد نادرا میں ڈیجیٹل بائیومیٹرک نظام متعارف کرایا گیا۔

نادرا ترجمان نے کہا کہ کاغذی کارروائی کی بنیاد پر بنوائے گئے جعلی کارڈ منسوخ کردیے گئے تھے۔

ترجمان نادرا کے مطابق سوشل میڈیا پر زیر گردش افغان کمانڈر کا پاکستانی شناختی کارڈ 2002 میں روایتی نظام کے تحت بنوایا گیا تھا۔

نادرا ترجمان نے کہا کہ ڈیجیٹل بائیومیٹرک نظام کے تحت 2008 میں اس شناختی کارڈ کو غیرفعال کردیا گیا تھا۔