اسٹاک مارکیٹ، نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر مندی، 120 پوائنٹس کم

July 27, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر فروخت کے دباو کی وجہ سے مندی کا رحجان رہا ، کے ایس ای100انڈیکس میں 120 پوائنٹس کی کمی ہو گئی ، 47.46 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی ، سرمایہ کاری مالیت بھی 15 ارب 25 کروڑ 54 لاکھ روپے کم ہو گئی ، تاہم کاروباری حجم 43.31 فیصد زیادہ رہا ، تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر مالیاتی اداروں اور ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کا دباو دیکھنے میں آیا جس کی وجہ سے پیر کو مارکیٹ میں معمولی اتار چڑھاو کے بعد اختتام پر مندی غالب رہی اور کے ایس ای100انڈیکس 120.39 پوائنٹس کی کمی سے 47672.68 پوائنٹس پر آکر بند ہوا ، کے ایس ای30انڈیکس بھی 54.37پوائنٹس کی کمی سے 19106.87 پوائنٹس ہو گیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 49.38 پوائنٹس کی کمی سے 32578.46 پوائنٹس پر آگیا ،مارکیٹ میں مجموعی طور پر 394 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 187 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 187کمپنیوں ہی کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی ،20کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں استحکام رہا ،سرمایہ کاری مالیت 15ارب 25 کروڑ 54 لاکھ 4ہزار روپے کی کمی سے 8347 ارب 99 کروڑ 2 لاکھ 38ہزار روپے ہو گئی ، شیئرز کی خرید و فروخت گذشتہ سیشن کی نسبت 13 کروڑ60لاکھ 79ہزار شیئرز کے اضافے سے 45 کروڑ 2لاکھ 42ہزار شیئرز پر پہنچ گئی ، کاروباری حجم کے لحاظ سے ورلڈ کال، ٹیلی کارڈ ، ٹی پی ایل کارپوریشن ،الشہیر کارپوریشن اور بائیکو پیٹرولیم سر فہرست رہی ،مارکیٹ میں سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت یونی لیور اور کولگیٹ پامولیو کے شیئرز کی بڑھی جو بالترتیب 400 روپے اور 79.46 روپے فی شیئرز تھی ، دوسری جانب سب سے زیادہ کمی وائتھ پاکستان اور شیلڈ کار پوریشن کے شیئرز کی قیمت میں ہو ئی جو 37.60 روپے اور 31.80 روپے فی شیئرز تھی۔