ڈکیتی کے دوران قتل کا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

July 29, 2021

راولپنڈی،ٹیکسلا(نمائندگان جنگ)تھانہ صدر واہ کے علاقہ ملک آباد میں ڈکیتی کے دوران ایک شخص کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے والا ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔ملک آباد کی گلی نمبر 31میں شہزاد بھٹی نامی شخص کے گھر میں چند روز قبل ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں ڈاکوئوں نے گھر کے سربراہ شہزاد کو رقم دینے سے انکار پر ایک کمرے میں بند کرکے گھر کی تلاشی شروع کردی ۔ شہزاد کو جس کمرے میں بند کیا گیاتھا اس کمرے کا ایک دروازہ باہر کی جانب کھلتا تھا جسے کھول کر شہزاد نے باہر گلی میں نکل کر شور کرنا شروع کردیا شور سن کر جب ایک پڑوسی ظہیر باہر نکلا تو ایک ڈاکو نے اس پر سید ھا فائر کھول دیا جس سے وہ جانبر نہ سکا۔گذشتہ رات پولیس پارٹی نے اطلاع پاکر نواحی گاوں بانیاں کے قریب ملزم کی پناہ گاہ پر چھاپہ مارا تو ملزم اور اس کے دو ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی اس دوران ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر یا پولیس کی جوابی فائر سے ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ ملزم کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔(سٹاف رپورٹر)تھانہ صدر واہ کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ماراگیا۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ڈکیتی کے دوران قتل کے واقعہ میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لئے انفارمیشن کا لوکل نیٹ ورک قائم کرنے کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی ایک اشتہار دیا گیا تھا جس پر تھانہ صدرواہ پولیس کو اطلاع ملی کہ اس حلیے کا شخص اپنے 3 دیگر مسلح ساتھیوں سمیت بانیاں روڈ پر موجود ہے،پولیس اطلاع پر مذکورہ مقام پر پہنچی تو 4 ملزموں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی،فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ تین فائرنگ کرتے ہوئے جنگل میں فرار ہوگئے،ہلاک ہونے والے ڈاکو کی نعش ہسپتال منتقل کی گئی جہاں پر 23 جولائی کو ڈکیتی اور قتل کے مقدمہ کے مدعی شہزاد نے ہلاک ہونے والے ملزم کو شناخت کرلیا ۔ہلاک ڈاکو کی شناخت انور خان کے نام سے ہوئی، جو ریکارڈ یافتہ اور ڈکیتی کے مقدموں میں ملوث رہا ہے۔