امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر قطر پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو امریکا بھرپور اور غیر معمولی طاقت استعمال کرے گا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک طویل بیان میں کہا ہے کہ ساؤتھ پارس گیس فیلڈ پر اسرائیلی حملے کے بارے میں امریکا کو پیشگی علم نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ساؤتھ پارس گیس فیلڈ ایران کا انتہائی اہم اور قیمتی اثاثہ ہے، اسرائیل اب وہاں دوبارہ حملہ نہیں کرے گا۔
ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر قطر کو نشانہ بنایا تو امریکا ساؤتھ پارس گیس فیلڈ کو تباہ کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ممکنہ امریکی کارروائی ایسی ہو گی جس کی شدت ایران نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہو گی۔
امریکی صدر نے کہا کہ قطر کی ایل این جی تنصیبات پر حملے بلاجواز اور غیر منصفانہ تھے۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ان تنصیبات پر دوبارہ حملہ ہوا تو امریکا خطرناک حد تک جانے سے نہیں ہچکچائے گا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے قطر پر دوبارہ حملہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے، جبکہ امریکا اس سطح کی تشدد اور تباہی کی اجازت نہیں دینا چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کے ایران پر طویل مدتی اثرات مرتب ہوں گے اور صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔