بدسلوکی کے صدمے سے گزر چکی ہوں، حمیمہ ملک کا نور قتل پر دلخراش پیغام

July 29, 2021

پاکستانی اداکارہ حمیمہ ملک نے اسلام آباد میں قتل کی جانے والی سابق پاکستانی سفیر کی بیٹی نور مقدم کی موت پر ایک دلخراش پیغام میں انکشاف کیا کہ وہ بھی بدسلوکی کے صدمے سے گزر چکی ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر نور قتل معاملے سے متعلق ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے خود کے بدسلوکی کے صدمے کو برداشت کرنے کے حوالے سے بات کی۔


نور مقدم کے قتل سے متعلق انہوں نے لکھا کہ ’آج اس واقعے کو پورے آٹھ روز گزر چکے ہیں اور میں کچھ چاہ کر بھی نہیں بول سکی ہوں، کیونکہ میرے دل اور دماغ نے اجازت ہی نہیں دی تھی اور نہ ہی مجھ میں اتنی ہمت تھی کہ میں اپنے جذبات کو الفاظ میں ڈھال سکوں۔‘

حمیمہ نے لکھا کہ ’عورت ہونے کے ناطے میں بھی اس بدسلوکی کا شکار رہی ہوں اور اس صدمے کو سمجھ سکتی ہوں، یہ صدمہ آپ کو اندر ہی اندر ختم کردیتا ہے لیکن پھر بھی زندہ رہنے کی کوشش ہوتی ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ یہ بدسلوکی آپ کو اس قدر بدل دیتی ہے کہ آپ اپنے سائے کو بھی نہیں پہچان پاتے۔

انہوں نے کہا کہ اب خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے کیونکہ خاموشی اب ایک جرم بن گئی ہے۔

حمیمہ نے اپنی پوسٹ میں عدالتی نظام کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ناکام قرار دیا اور لکھا کہ میں حیران ہوں عدالتی نظام کی مشینری ناکام ہے، ہم سب ناکام ہیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے 20 جولائی کی رات نور قتل کیس کے ملزم ظاہر کو اس کے گھر سے گرفتار کیا تھا جہاں نور کے والدین کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے سے قتل کیا اور سر جسم سے الگ کیا تھا۔