بارہ صوبوں کے قیام کیلئے مشترکہ جدوجہد شروع کرنیکا اعلان، رہنماؤں کی پریس کانفرنس

July 31, 2021

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار ) تحریک صوبہ ہزارہ، تحریک صوبہ پوٹھوہار اور قبائلستان تحفظ موومنٹ نے ملک میں بارہ صوبوں کے قیام کے لئے مشترکہ جدوجہد شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے،جمعہ کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے تینوں نے مل کر جدوجہد کرنے کا اعلان کیا ہے، قبائل تحفظ موومنٹ کے سیکرٹری جنرل حاجی داؤد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اور پر امن پاکستان کے لیے ہم نے مشترکہ اجلاس کیا ہے ،اسلام آباد میں مشترکہ ہیڈ آفس بنائیں گے، قبائل تحفظ موومنٹ کا مؤقف ہے کہ ہمیں ایک غریب صوبے کی دم بنا دیا گیا ہے جس کا کوئی فائدہ نہیں ہے، پاکستان افغانستان کے ساتھ معاملات اس نہج پر طے کرے کہ معاملہ حل ہو، لویہ جرگہ اس میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔چیئرمین تحریک صوبہ ہزارہ سردار گوہر زمان نے کہا کہ جہاں جہاں صوبوں کی ضرورت ہے وہاں بنائے جائیں،فاٹا کو انضمام کرنے کی بجائے خودمختار صوبہ بنایا جائے، صوبے بننے سے مہنگائی کم ہوگی ملک ترقی کرے گا، راجہ اعجاز چئیرمین تحریک صوبہ پوٹھوہار نے کہا کہآج کے اجلاس میں طے پایا ہے کہ ہم صوبوں کے قیام کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔