پشاور، کورونا ویکسی نیشن کرنے والے وکلاء کی فہرست غائب

August 01, 2021

پشاور(نیوزرپورٹر)پشاور ہائیکورٹ اور سیشن کورٹ میں کورونا ویکسی نیشن کرنے والے وکلاءکی فہرست غائب ہوگئی جس کے باعث وکلاءکوویکسین کی دوسری خوراک لینے میں مشکلات کا سامنا ہے، محکمہ صحت پشاور نے پشاور ہائیکورٹ بار کے جنرل سیکرٹری سے نئی فہرست طلب کرلی ، دوسری جانب وکلاءنے کورونا ویکسی نیشن کرنے والے ٹیم کےخلاف غفلت برتنے پر کارروائی کا مطالبہ کردیا ۔ پشاور ہائیکورٹ کے جنرل سیکرٹری قیصر زمان ایڈوکیٹ کے مطابق محکمہ صحت پشاور نے وکلاءکی کورونا ویکسینیشن کےلئے موبائل وین ٹیم مختص کی تھی ، موبائل وین ٹیم نے وکلاءکی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگائی اور وکلاءکی فہرست بنائی لیکن اُس فہرست کو کمپیوٹرائزڈ نہیں کیا گیا جس کیوجہ سے دوسری خوراک لینے کےلئے جب وکلاءنے رابطہ کیا تو انہیں بتایاگیا کہ آپ لوگوں نے پہلی ڈوزبھی نہیں لی ہے جسکے بعد وکلاءنے بار سے شکایت کی۔بار نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سے رابطہ کیا تو جواب میں کہا گیا کہ پہلی خوراک کی فہرست موصول نہیں ہوئی ہے لہذا بار خود ایک فہرست تیار کرے تا کہ پہلی خوراک کی انٹری ہو سکے،بار نے پہلی خوراک لینے والوں کی فہرست پرکام شروع کردیاہے لیکن ساتھ ہی مطالبہ کیاہے کہ غفلت کیوجہ سے کئی وکلاءتذبذب کے شکار ہوگئے لہذا محکمہ صحت متعلقہ اہلکاروں کےخلاف کارروائی کرے ۔