راحت آباد کے رہائشیوں کا پلوسئی روڈ پرلائٹس کو فعال کرنے کا مطالبہ

August 04, 2021

پشاور(لیڈی رپورٹر)راحت آباد اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں نے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ پلوسئی روڈ پرلائٹس کو فعال کیا جائے ۔ انتظامیہ نے ایک سال قبل پولز اور لائٹس نصب کرتے ہوئے بجلی فراہم کر دی ہے لیکن رات کے وقت لائٹس جلتی نہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شام ڈھلتے ہی روڈ تاریکی میں ڈوب جاتا ہے جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ راحت کے آباد کے رہائشی یاسر فرخ کا کہنا ہے کہ لائٹس نصب کرنے کا مقصد گزرنے والوں کو سہولت اور تحفظ فراہم کرنا تھا لیکن عوامی ٹیکس کی رقم خرچ کرنے کے باوجود مقصد حاصل نہیں ہوا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر کے قیام کے بعد روڈ پر ٹریفک کا رش چار گنا بڑھ گیا ہے رات گئے تک گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے، روڈ کے ساتھ تین یونیورسٹیاں واقع ہیں جبکہ یہ بہت سے علاقوں کو شہر سے جوڑتا ہے۔ یونیورسٹی کے ایک طالب علم محمد عامر نے کہا کہ لائٹس جلاتی کیوں نہیں جاتیں حالانکہ بل بورڈز اور لائٹس سے پی ڈی اے کوکثیر آمدن ہو رہی ہے۔ لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لائٹس فعال بنائی جائیں۔