وائرل میم نے پاکستانی نوجوان کو لکھ پتی بنادیا

August 04, 2021

پاکستان کے پہلے وائرل میم کی 82 لاکھ روپے میں فروخت سے میم بنانے والا نوجوان راتوں رات لکھ پتی بن گیا۔

گوجرانوالہ کے رہائشی سرکاری ملازم محمد آصف کی وائرل میم کو چینی شہری فورموسا نے خریدا۔

سوشل میڈیا پر 2015 میں میم بنانے والے صارف محمد آصف نے جیونیوز سے گفتگو میں کہا کہ مجھے علم نہیں تھا کہ قسمت مجھ پر اتنی مہربان ہو گی۔

انہوں نے اپنی وائرل میم سے متعلق کہا کہ فیس بک پر یہ پوسٹ انہوں نے 2015 میں اپنےدوست مدثر کو دکھانے کے لئے لگائی تھی، مدثر کی تصویر پر کراس لگایا اور سلمان کے ساتھ ہاتھ ملانےکی تصویر بنائی۔

محمد آصف نے تصویر پر لکھا کہ مدثر کے ساتھ دوستی ختم اب سلمان میرا بہترین دوست ہے۔

گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا کہنا ہے کہ مجھے علم نہیں تھا کہ میری پوسٹ اتنی وائرل ہوگی، انہوں نے کہا کہ میم کی فروخت سے ملنے والی رقم سے وہ اپنی خواہشات پوری کریں گے۔

محمد آصف نے کہا کہ وہ پیسوں سے گھر اور گاڑی خریدیں گے اور کچھ پیسے دونوں دوستوں میں بانٹ دیں گے۔