مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل عالمی امن کیلئے ناگزیرہے،قاسم سوری

August 05, 2021

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل عالمی امن کیلئے ناگزیرہے۔ انہوں نے مسلم امہ کو درپیش جیلنجز کے حل کیلئے کثیرالجہتی اتحاد وقت کی عین صرورت قرار دیا۔ پاکستان کی قیادت خطے اور عالمی سطح پر امن و بھائی چارے کی فضاء کے فروغ پر عمل پیرا ہے۔ عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمن العسومی کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاکستان باہمی تعاون کے ذریعے عالمی و علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کی خاطر امن اور ترقی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک کے مابین تعاون کا فروغ انتہائی ضروری ہے اور اس مقصد کیلئے کثیر الجہتی سیاسی و اقتصادی تعاون کو بڑھانا ہو گا۔ عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمن العسومی نے کہا کہ پاکستان عرب دنیا میں ایک اہم ملک تصور کیا جاتا ہے۔