سلطنت عمرانیہ نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے‘ صادق عمرانی

August 05, 2021

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے علاقہ عمائدین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تین برس کے دوران مہنگائی میں اضافے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے گئے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات میں مسلسل اضافے کے بعد اب گیس بلوں میں25فیصد اضافہ ظلم اور معاشی بربریت ہے۔ عوام کے چولہے ٹھنڈے کرنے کی یہ سازش سلطنت عمرانیہ کو بہت مہنگی پڑنے والی ہے۔ 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس اس اضافے کے علاوہ ہوگا۔ نااہلی ،مسلسل غفلت اور ناعاقبت اندیشی کی انتہا ہے۔وزارت پٹرولیم اور پاکستان ایل این جی نے جون 2021میں آنے والے ایل این جی ٹینڈر مسترد کئے جو اس وقت گیارہ ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ستمبر میں گیس کی فراہمی کے لئے دیئے گئے تھے وسط جولائی میں13ڈالر کے ٹینڈر بھی مسترد اور 27 جولائی کو جو ٹینڈر مسلط کیا گیا اس میں15ڈالر فی 30سینٹ اسی ادارے نے قبول کیا جس نے11ڈالر کا سہل ٹینڈر مسترد کیا تھا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا منفی اور عوام دشمن طرزعمل اپنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گیس کمپنی جاری اس عوام دشمن عمل میں وزارت سے ایک ہاتھ آگے چل رہی ہے۔ تیز رفتار مسترد شدہ گیس میٹروں کی تنصیب اور ان کی بارہا تبدیلی کے نام پر بلوچستان کے پریشان حال اور افلاس زدہ عوام کو دونوں ہاتھ لوٹا جارہا ہے ابھی تو موسم سرما کا آغاز بھی نہیں ہوا ابھی سے گیس پریشر کا یہ عالم ہے کہ جیسے چولہے میں گیس کی بجائے موم بتی جل رہی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس گمبھیر تر مسئلے کا کوئی مستقل حل نہیں۔ مضافاتی علاقوں میں گیس لیکیج اور چوری پر توجہ مرکوز نہیں کی جاتی بلکہ یہ نقصان بھی گیس کے بلوں میں ڈال کر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ماراجارہا ہے۔ گیس دفتر کے چکر لگانے کے بعد بھی ان پریشان حال لوگوں کی کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔