ای پیمنٹ کے ذریعے پراپرٹی اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی پر15 فیصد تک رعایتی پیکج کا اعلان

August 05, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکو ٹکس کنٹرول ملتان ڈویژن نے ٹیکس گزاروں کو سہولیات و ریلیف فراہم کرنے کے لیئے 31 اگست تک ای پیمنٹ کے ذریعے پراپرٹی ٹیکس اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی پر 10 سے 15 فیصد تک رعایتی پیکج کا اعلان کردیا ہے، ڈائریکٹر ایکسائز ملتان عبداللہ خان جلبانی کے مطابق پراپرٹی ادائیگی پر 10 فیصد جبکہ ٹوکن ٹیکس ادائیگی پر 15 فیصد رعایت فراہم کی جائیگی، انہوں نے مزید بتایا کہ ملتان میں ایکسائز کے دونوں دفاتر سمیت ڈویژن بھر میں پراپرٹی و ٹوکن ٹیکس کی ای پیمنٹ کے لیئے 21 کاونٹرز بنائے جاچکے ہیں تاہم اگر ٹیکس گزار ایکسائز دفاتر کے علاوہ اپنے گھر بیٹھے آن لائن کے ذریعے ادائیگی کرسکتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ملتان کے دونوں ایکسائز دفاتر میں پراپرٹی و ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے لیئے 15 ای پیمنٹ کاونٹرز فعال کردیئے گئے ہیں جبکہ وہاڑی، خانیوال، لودھراں سمیت ڈویژن کے دیگر دفاتر میں 10 ای پیمنٹ کاونٹرز فعال کیئے گئے ہیں ،ٹیکس گزار پنجاب حکومت کی جانب سے 31 اگست تک اس رعایتی پیکج سے بھرپور استفادہ کریں اور تاخیری سرچارجز سے بچیں۔