• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی و امریکی حملے میں ایرانی وزیر دفاع امیر ناصر زادہ جاں بحق

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

اسرائیلی و امریکی حملے میں ایرانی وزیر دفاع امیر ناصر زادہ جاں بحق ہوگئے۔

برطانوی خبر ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہےکہ اسرائیلی حملوں میں ایرانی وزیر دفاع امیر ناصر زادہ اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ محمد پاکپور شہید ہو گئے ہیں۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق یہ بات اسرائیلی فوجی کارروائیوں سے باخبر دو ذرائع اور ایک علاقائی ذریعے نے بتائی ہے۔

تاہم اس حوالے سے باضابطہ تصدیق ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔

اسرائیلی آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ایران میں آپریشن پچھلی جنگوں سے بہت مختلف اور بڑا ہے، ایران کے دفاعی نظام کے خلاف وسیع حملہ مکمل کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ ہم نے اپنے کچھ کمانڈر کھو دیے ہوں لیکن یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، امریکی اسرائیلی حملہ بلا اشتعال، غیر قانونی اور مکمل ناجائز اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران پر اسرائیل اور امریکا کے حملوں کی شدید مذمت ہونی چاہیے، ہم جو کچھ کر رہے ہیں وہ دفاعی کارروائی ہے جو ہمارا جائز اور قانونی حق ہے، ہمیں اپنے دفاع کے لیے کسی کی ضرورت نہیں ہم خود دفاعی طور پر باصلاحیت ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کو امریکا سے بات چیت کرنے کا تلخ تجربہ ہوا، خطے میں امریکی اڈوں کو اپنے دفاع میں نشانہ بنا رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید