چھوٹے کاروباری قرضے کیسے استعمال کیے جاسکتے ہیں؟

August 23, 2021

کوئی بھی کامیاب چھوٹا کاروبار چلاتے وقت ہمیشہ بہتری کی گنجائش رہتی ہے۔ چاہے وہ ٹیکنالوجی کو اَپ ڈیٹ کرنا ہو، نئی انوینٹری کی خریداری ہو یا پھر اضافی ملازمین کی خدمات حاصل کرنا ہو، اپنے کاروبار کو مسلسل بڑھانے اور بلندیوں پر لے جانے کے کئی طریقے ہیں۔ تاہم، ضرورت اس بات کی ہے کہ صحیح وقت پر درست فیصلے لیے جائیں۔

ایک بار جب آپ کے کاروبار کو چھوٹا کاروباری قرض مل جاتا ہے ، تو آپ کے پاس ورکنگ کیپیٹل فنانسنگ دستیاب ہوگی، جو آپ مختلف کاموں کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ، بہت سے کاروبار کووڈ-19وبائی مرض سے متاثر ہوئے ہیں ، لہٰذا کئی کاروبار ایسے ہوں گے جن کو درپیش مسائل دور کرنے کے لیے ممکنہ طور پر مالی امداد کی ضرورت ہوسکتی ہے۔ آج کے مضمون میں ہم ذکر کریں گے کہ کاروباری صنعت کے لحاظ سے چھوٹے کاروباری قرض کو کیسے خرچ کیا جائے۔

ریستوران/ فوڈ بزنس

بطور ریستوران مالک، آپ کا بنیادی مقصد لوگوں کو معیاری کھانا اور بہتر خدمات فراہم کرنا ہے۔ اضافی رقم سےآپ انٹیرئیر کو اَپ ڈیٹ کرنے، زیادہ ملازمین کی خدمات حاصل کرنے یا کسی دوسری جگہ بھی ریستوران کھولنے کے لیے ادائیگی کر سکتے ہیں۔ آپ نئی خدمات بھی پیش کر سکتے ہیں ، جیسے کیٹرنگ ایونٹس ، ڈیلیوری سروسز ، یا فوڈ ٹرک کے ذریعے فروخت کرنا۔ حال ہی میں، ریستوران مالکان نے کھلی فضا میں کھانا کھانے اور دیگر کووڈ-19حفاظتی اقدامات میں سرمایہ کاری کے لیے فنانسنگ کا استعمال کیا ہے۔

ریٹیل اسٹور

اگر آپ اپنے ریٹیل اسٹور پر سیلز میں مزید اضافہ کرنا چاہتے ہیں تو اپنی ریٹیل فنانسنگ کو حکمت عملی کے ساتھ استعمال کریں۔ اس کے لیے نئی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کریں، جیسے ایک نیا CRMسسٹم، دوسرا اسٹور کھولنا یا نئی انوینٹری کی خریداری۔

تعمیراتی کمپنیاں

تعمیراتی شعبہ سے وابستہ کئی لوگ ادائیگیوں کے درمیان فرق کو ختم کرنے کے لیے اضافی فنانسنگ استعمال کرتے ہیں کیونکہ زیادہ تر تعمیراتی کمپنیوں کو کام کے آغاز اور اختتام پر ادائیگی کی جاتی ہے۔ اضافی تعمیراتی فنانسنگ کے ساتھ آپ تنخواہوں، جدید آلات کی خریداری، خام مال کی ادائیگی اور دیگر ہنگامی اخراجات برداشت کر سکتے ہیں۔ آپ کاروباری قرض کو ایسے وقت کے لیے بھی محفوظ کرسکتے ہیں جن دنوں میں کام زیادہ نہیں ہوتا اور آپ کو اخراجات کی ادائیگی کے لیے رقم درکار ہوتی ہے۔

مینوفیکچررز

اگر آپ اپنے حریفوں سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو قرضے کو استعمال کرنے کے اسٹریٹجک طریقوں پر غور کریں۔ مثال کے طور پر آپ اضافی کام کرنے کے لیے اپنی جگہ کو وسیع کرسکتے ہیں۔ روزانہ کے کاموں کی نگرانی کے لیے ایک تجربہ کار منیجر کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں، تاکہ آپ اپنے کاروبار کے دیگر پہلوؤں پر توجہ مرکوز کرسکیں۔ جدید ترین مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔

ہول سیلزر

ایک اچھا ہول سیلر (تھوک فروش) ہمیشہ اپنے صارفین کو بہترین انوینٹری فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ وہ اپنی فروخت میں مسلسل اضافے کو یقینی بناکر کاروبار کو ترقی کی اگلی منزل تک کیسے لے جا سکتا ہے؟ اس کے لیے کاروباری قرضہ کو نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے جیسے کہ نئی قسم کی انوینٹری خریدی جائے، مارکیٹنگ کے ایسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے جو براہ راست نئے صارفین سے تعلق قائم کریں، اور ایسا سامان (equipment) خریدیں جو آپ کے کام میں سہولت فراہم کرکے اس میں تیزی لائے۔

ہوٹل

کووڈ-19نے ہوٹل انڈسٹری کو کافی متاثر کیا ہے لیکن اب حالات پہلے سے کچھ بہتر نظر آرہے ہیں۔ اگر آپ ہوٹل یا مہمان نوازی کے کسی دوسرے کاروبار سے منسلک ہیں، تو آپ مختلف اخراجات کے لیے قرضہ کا استعمال کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر کمروں یا مرکزی حصوں کی سجاوٹ اور ڈیزائن کو اَپ ڈیٹ کرنا، مزید اسٹاف ممبرز کی خدمات حاصل کرنا، نئی تفریحی سہولتوں میں سرمایہ کاری کرنا اور صحت و حفاظت کے اقدامات کے لیے رقم خرچ کرنا۔

بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم

بچوں کی تعلیم اور دیکھ بھال پر کام کرنے والوںکی ذمہ داری ہے کہ بچوں کی حفاظت اور خوشی کو یقینی بنائیں۔ اپنے ڈے کیئر کو ایسی جگہ بنانے کے لیے جہاں والدین اپنے بچوں کو چھوڑ کر آرام محسوس کریں، وہ کاروباری قرضہ استعمال کرسکتے ہیں۔ بالخصوص کووڈ-19سے نمٹنے کے لیے جدید ترین کلاس روم ٹیکنالوجیز، یا صحت اور حفاظت کے اقدامات میں سرمایہ کاری کی جانی چاہیے۔ اس کے علاوہ تربیت یافتہ اساتذہ کی خدمات حاصل کریں اور اپنے ڈے کیئر کو ایک بہترین جگہ بنائیں۔ اگر آپ کا ادارہ تعلیم دینے پر زیادہ توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے جیسے کہ ٹیوشن سینٹر تو پھر آپ اضافی ٹیوٹر رکھ سکتے ہیں، ایجوکیشنل ٹولز کی ادائیگی کر سکتے ہیں، یا کسی نئی جگہ ٹیوشن سینٹر کھول سکتے ہیں۔

کنسلٹنگ بزنس

یہ ضروری ہے کہ آپ کے کلائنٹس آپ کے کنسلٹنگ بزنس کو متعلقہ صنعت میں ایک لیڈر کے طور پر دیکھیں۔ کاروباری قرض لینا آپ کو نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد دے سکتا ہے۔ چاہے آپ اکاؤنٹنگ فرم ، مارکیٹنگ سروس یا کسی بھی دوسرے کنسلٹنگ بزنس کے مالک ہوں، آپ اس قرض کو نئی ٹیکنالوجیز کی ادائیگی، ملازمین کی تربیت کے پروگرام، اور نئے کلائنٹس تک پہنچنے کے لیے مارکیٹنگ میٹریل میں سرمایہ کاری کرنے پر استعمال کر سکتے ہیں۔