سبزیوں اور پھلوں کے رنگ صحت سے متعلق کیا بتاتے ہیں؟

September 02, 2021

ہر طرح کے رنگ انسانی موڈ پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں، غذائی ماہرین کا بتانا ہے کہ اسی طرح سبزیوں، پھلوں، میووں اور جڑی بوٹیوں کے رنگوں میں بھی قدرت نے راز چھپا رکھا ہے جو کسی نہ کسی طرح انسانی جسم اور نفسیاتی صحت اور پوری شخصیت کو متاثر کرتے ہیں۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطاق رنگ برنگی سبزیوں کے استعمال کا بھی صحت پر مثبت اور منفی اثر پڑتا ہے، کورونا وائرس سے قبل ان رنگوں کو زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی تھی۔

غذائی ماہرین کا سبزیوں اور پھلوں کے رنگوں سے متعلق کیا کہنا ہے؟

جامنی رنگ کے پھل اور سبزیاں

مختلف رنگوں کے پھل اور سبزیاں کھانے سے متعلق غذائی ماہرین کا بتانا ہے کہ نیلے، جامنی رنگ کے پھل اور سبزیاں صحت کے لیے مفید ہیں، ان میں بلیو بیری، آلوچا اور بینگن شامل ہیں، ان پھلوں اور سبزیوں میں یہ رنگ ’اینتھو سیاننس‘ نامی مادے کی وجہ سے ہوتا ہے۔

ان پھلوں اور سبزیوں میں ایسے اجزا بھی پائے جاتے ہیں جو متوازن مجموعی صحت اور یادداشت کو بہتر بناتے ہیں، خاص طور پر جامنی رنگ کے پھلوں اور سبزیوں کے گودے میں یہ خصوصیات پائی جاتی ہیں، یہ ناصرف خون کی گردش کو رواں رکھتے ہیں بلکہ خون کے جمنے کے عمل کو بھی روکتے ہیں۔

ہرے رنگ کے پھل اور سبزیاں

ہری سبزیوں میں بروکولی، بند گوبھی اور پالک شامل ہیں، ان میں ’لیوٹین‘ اور ’انڈول‘ نامی اجزا ہوتے ہیں جو ’قرنیے‘ آنکھ کے سفید حصے کو خراب ہونے سے بچاتے اور موتیا سے محفوظ رکھتے ہیں۔

ہری سبزیوں میں بیٹا کیروٹین اور فولیٹ بھی پائے جاتے ہیں، یہ ہڈیوں اور پٹھوں کو مضبوط کرتے ہیں، اس کے علاوہ ان میں آئرن اور فائبر بھی ہوتا ہے، آئرن سرخ خلیات کی پیداوار میں اضافہ کرتا ہے اورفائبر ہاضمے کے بہتر نظام میں مدد دیتا ہے۔

لال رنگ کے پھل اور سبزیاں

گلابی اور سرخ پھلوں اور سبزیوں میں چقندر، چکوترا، انار اور ٹماٹر شامل ہیں، ان میں ’لائکو پین‘ اور ’اینتھو سیانن‘ نامی اجزا موجود ہوتے ہیں جو کینسر کی روک تھام کے لیے بہت مفید سمجھے جاتے ہیں۔

سرخ رنگ کی بیریوں میں اینٹی آکسیڈنٹ، پوٹاشیم اور فائبر پایا جاتا ہے، یہ سبزیاں اور پھل بلڈ پریشر کو معمول پرلاتے ہیں، خلیات کی تعمیر کرتے ہیں اور خراب کولیسٹرول کی سطح کو بھی کم کردیتے ہیں۔

ماہرین نفسیات کے مطابق سرخ رنگ کی تمام غذائیں جسم کے لیے حفاظتی شیلڈ مہیا کرتی ہیں جب بھی کوئی فکر، ذہنی تناؤ، تھکان، سستی یا بیماری محسوس ہو تو سرخ رنگ کی غذائیں طاقت فراہم کرتی ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق سرخ رنگ کی غذا میں ٹماٹر ایک ایسا پھل ہے جسے پکا کر اس کی تاثیر اور غذائیت میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔

پیلے اور نارنجی رنگ کے پھل اور سبزیاں

نارنجی، پیلے پھل اور سبزیوں میں لیموں، نارنجی، پپیتا اور آم شامل ہیں، ان میں ایسے اجزا زیادہ مقدار میں ہوتے ہیں جو مختلف امراض میں قوتِ مدافعت میں اضافہ کرتے ہیں، ان سے سانس کی نالی کے سرطان جیسے مہلک مرض سے بچاؤ بھی ممکن ہے، سیگریٹ پینے والے افراد کو ان پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔

اس کے علاوہ نارنجی، پیلے پھل اور سبزیوں میں پائے جانے والے اجزاء دماغی قوت میں اضافہ کرتے ہیں اور گھٹیا کے درد اور سوجن میں بھی کمی کرتے ہیں۔

تُرش پھلوں میں ایک بہت مفید جز زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے جسے ’ہیس پیری ڈن‘ کہتے ہیں، یہ جز قلب کے لیے بہت فائدہ مند ہے، ان پھلوں میں اینٹی آکسیڈنٹ اجزا پائے جاتے ہیں جو کہ الرجی اور نزلے زکام سے بچاتے ہیں۔

سفید رنگ کے پھل اور سبزیاں

سفید رنگ کی غذاؤں میں چکنائی کم اور فاسفورس زیادہ ہوتا ہے، اسی لیے سفید غذائیں کھانے والے افراد اسمارٹ، توانا اور چاق و چوبند رہتے ہیں۔

سفید سبزیاں جیسے مولی مختلف بیماریوں اور ان کے جراثیم سے بچاؤ ممکن بناتی ہیں، تمام سفید غذاؤں میں پروباؤٹکس پائے جاتے ہیں جو قوت مدافعت اور نظام ہاضمہ کو قوت بخشتے ہیں۔