ایکٹیمرا انجیکشن کی کمی, وزارت صحت کی 2 متبادل دواؤں کےاستعمال کی اجازت

September 06, 2021

جان بچانے والی دوا ایکٹیمرا انجیکشن کی کمی کے پیشِ نظر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور وزارت صحت نے 2 متبادل دواؤں کےاستعمال کی اجازت دے دی۔

وفاقی وزارت قومی صحت کی جانب سے ڈاکٹروں کو تازہ ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق دونوں ادویات انسانی جسم میں سوزش کم کرنے کیلئے استعمال ہوتی ہیں۔

واضح رہے کہ آکسیجن کی کمی کا شکار کورونا مریضوں کی جان بچانے والے ’ایکٹیمرا انجیکشن‘ کی ناصرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں قلت پیدا ہوگئی ، جس کے بعد اب مختلف ممالک میں ریگولیٹری اداروں نے ڈاکٹروں کو ایکٹیمرا انجیکشن کے متبادل استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

باریکیٹینیب یا ٹو فاسیٹینیب مناسب متبادل، سوزش کو کم کرنے کیلئے استعمال ہوتی ہیں۔ ایکٹیمرا (ٹوسیلوزومب)انجیکشن اور ڈیکسا میتھا سون (سٹیرائیڈ) کا اکٹھا استعمال کورونا کے مریضوں میں اموات کی شرح کو کم کرنے میں مؤثر رہا ہے۔

یہ دوا ایسے مریضوں میں استعمال کی جاتی رہی ہے جن کے پھیپھڑے کورونا سے بری طرح متاثر ہو چکے ہوں اور جنہیں فل پریشر مشینوں یا نان انویسیو وینٹیلیشن کے ذریعے آکسیجن کی ترسیل کی ضرورت ہوتی ہے۔