نوشہرہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن، جعلی بیلٹ پیپر تیار کرنے کا الزام، 2 گرفتار

September 12, 2021

خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ میں کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے دوران پولیس نے کارروائی کر کے 2 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

نوشہرہ پولیس نے جعلی بیلٹ پیپر تیار کرنے کے الزام میں دونوں افراد کو حراست میں لیا ہے، جن سے کمپیوٹر، پرنٹر اور جعلی مہریں برآمد ہوئی ہیں۔

ڈی پی او محمد اقبال کے مطابق پولیس نے کینٹ تھانے کے سامنے کمرشل پلازہ میں کارروائی کی ہے، ملزمان سے کمپیوٹر،پرنٹر، جعلی مہریں برآمد ہوئی ہیں۔

دوسری جانب آئی جی خیبر پختون خوا نے کہا کہ نوشہرہ میں کچھ لوگوں سے جعلی پولنگ مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

آئی جی خیبر پختون خوا نے یہ بھی کہا کہ صوبے میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات پُرامن انداز میں ہوئے۔