• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسیم اختر، نعیم الرحمٰن، خرم شیر زمان کی تنقید، سعید غنی کا جواب


متحدہ قومی موومنٹ کے وسیم اختر، جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن اور تحریک انصاف کے خرم شیر زمان نے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت پر کھل کر تنقید کی ہے۔

کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی الیکشن سے متعلق جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں صوبائی وزیر سعید غنی، پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان، جے آئی کے حافظ نعیم الرحمٰن اور ایم کیو ایم کے وسیم اختر نے شرکت کی۔

سعید غنی نے کراچی میں اپوزیشن کی تینوں بڑی جماعتوں کے رہنماؤں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف پی ٹی آئی کا حملہ سب مل کر ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خرم شیر زمان، حافظ نعیم الرحمٰن اور وسیم اختر سے سرٹیفکیٹ نہیں لینا، پیپلز پارٹی کو ماضی کے مقابل زیادہ ووٹ ملے ہیں۔

وسیم اختر نے پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ صوبائی حکومت نے پورا سندھ تباہ کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اِس قابل نہیں ہیں کہ ان سے بات بھی کی جائے، ذوالفقار علی بھٹو کے نام پر یہ ووٹ لیتے ہیں، جنہوں نے پاکستان کو دولخت کیا۔

ایم کیو ایم رہنما نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی اور لاڑکانہ کو تباہ کردیا، کراچی اور حیدرآباد والے انھیں ووٹ نہیں دیں گے۔

جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات سے نہ بھاگے، کراچی میں خود مختیار الیکشن کرائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کے آخرمیں ضمنی فہرست سوالہ نشان ہے، سندھ میں پی پی کی کارکردگی سامنے ہے۔

پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 13 سالوں میں کچھ نہیں کیا، اس نے کراچی کے لوگوں کو نوکریاں تک نہیں دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن چوتھی سیاسی جماعت بن گیا، لگ رہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے کسی بڑے بابو کی ویڈیو ان کے پاس آگئی ہے۔

تازہ ترین