فاٹا کے انضمام کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے، اسلام آباد میں سابق قبائلی عمائدین کے جرگے کا مطالبہ

September 15, 2021

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سابقہ فاٹا کے انضمام کے خلاف سابقہ قبائلی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے عمائدین نے سابقہ فاٹا کے انضمام کا فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ منگل کو سابقہ فاٹا کی تمام ایجنسیز سے تعلق رکھنے والے عمائدین کا قومی جرگہ اسلام آباد میں منعقد ہوا، جرگہ میں سابقہ فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں انضمام کے حوالے سے غور ہوا، مقررین نے فاٹا انضمام کو قبائلیوں سے کئے گئے قائد اعظم کے وعدے کے خلاف قراردیا مقررین میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے کئی سابقہ اراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے فاٹا قومی جرگہ کے اختتام پر ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ فاٹا کے انضمام کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے کیونکہ یہ آئین پاکستان کے خلاف ہے، فاٹا کا انضمام عجلت میں کیا گیا جس سے قبائلی عوام کے تشخص اور ثقافت کو مجروح کیا جا رہا ہے، جرگے میں مطالبہ کیا گیا کہ خطے کی معروضی صورتحال پر قبائلی عوام کو اعتماد میں لیا جائے، قبائلی عوام کے قربانیوں کی بدولت حاصل کئےگئے امن کو برقرار رکھا جائے، سپریم کورٹ میں زیر سماعت رد انضمام کیس کی بھرپور حمایت کا اعلان بھی کیا گیا اور سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی کہ حکومت کو قبائلی عوام کے فیصلوں سے متعلق تاخیری حربے اور غیر آئینی اقدامات سے روکا جائے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں سے متعلق فیصلہ سازی میں نمائندہ قبائلی جرگے کو مشاورت اور فیصلے کا اختیار دیا جائے۔