اہلیہ کا عمر شریف سے کیے وعدے پورے کرنے کا عزم

September 15, 2021

لیجنڈری اداکار عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنے شوہر کی صحتیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گی۔

زرین عمر نےسوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر عمر شریف کے ساتھ ایک خوبصورت یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’انشااللہ! اسپتال میں جو وعدہ کیا ہے تم سے جلدی سب انتظام کرلوں گی ۔‘


لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے دل کی تکلیف کے ساتھ دیگر تکالیف میں مبتلا ہیں جبکہ ان کی یادداشت بھی خراب ہو گئی ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نےبھی لیجنڈری اداکار اور کامیڈین عمر شریف کی بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے عمر شریف کی صحت کا نوٹس لینے کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے علیل معروف کامیڈین عمر شریف کو امریکا لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس کا بندوبست کر دیا۔ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی اس حوالے سے یقین دہانی کرا دی۔

وفاقی حکومت ویزے کے حصول میں عمر شریف کی مدد کرے گی، عمر شریف کی اہلیہ زریں عمر شریف نے تصدیق کر دی۔

عمر شریف کو ایئر ایمبولینس میںجلد ہی بہتر علاج کے لیے امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچادیا جائے گا۔