ایئرایمبولنس کل تک کراچی پہنچ جائے گی، مرتضیٰ وہاب

September 16, 2021

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ عمر شریف کو علاج کیلئے امریکا منتقل کرنے کیلئے ایئرایمبولنس کل تک کراچی پہنچ جائے گی ۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ کچھ دیر میں عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کو پاسپورٹ مل جائیں گے۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ امریکی سفارتخانے میں عمر شریف اور انکے اہلخانہ کے ویزہ اجراء کے لیے انٹرویو مکمل کیے گئے تاہم امریکی سفارتخانے نے عمرشریف کو علالت کےباعث انٹرویو سےاستثنیٰ دیا جس پر امریکی سفارتخانے اور حکام کے شکر گزار ہیں۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ عمر شریف خطے کے بڑے اداکار ہیں انکی صحت اور درازی عمر کے لیے دعاگو ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں عمر شریف کی جلد صحتیابی کیلئے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے تصدیق کی تھی کہ عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کو امریکا کے ویزے ایشو ہو گئے ہیں۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے دل کی تکلیف کے ساتھ دیگر تکالیف میں مبتلا ہیں جبکہ ان کی یادداشت بھی خراب ہو گئی ہے۔