غلط سوالنامہ، دوبارہ ٹیسٹ لینے کی یقین دہانی پر در خواست نمٹا دی گئی

September 17, 2021

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایم فل داخلوں کے آن لائن ٹیسٹ میں غلط سوالنامہ بھیجنے پر قائد اعظم یونیورسٹی کے خلاف درخواست لیگل ایڈوائزر کی طرف سے دوبارہ ٹیسٹ لئے جانے کی یقین دہانی پر نمٹا دی۔ جمعرات کو سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے بیٹے نے ایم فل فزیکل کیمسٹری کے لئے قائد اعظم یونیورسٹی میں اپلائی کیا ، یونیورسٹی نے 7 ستمبر کی تاریخ تحریری ٹیسٹ کیلئے رکھی اور پھر 14 ستمبر کو آن لائن ٹیسٹ لیا ، یونیورسٹی قانون کے مطابق تحریری امتحان لیا جاسکتا ہے جبکہ آن لائن ٹیسٹ غیر قانونی ہے۔