حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بیکری یونٹ اور دو دکانیں سیل

September 17, 2021

پشاور ( نمائندگان جنگ )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے سوات کے مختلف علاقوں بابوزئی، منگلور گلشن چوک، مٹہ اور کبل میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک بیکری یونٹ اور دو دکانیں سیل کردئے، جبکہ سینکڑوں لٹر ناقص دودھ تلف کردیا گیا۔ کاروائیاں ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق تحصیل مٹہ میں کاروائی کے دوران ایک دکان سے بڑی مقدار میں مضر صحت چورن برامدد کیا گیا، جس پر متعلقہ دکان کو سیل کردیا گیا۔ اسی طرح تحصیل کبل میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ایک کباب شاپ اور بیکری کو جرمانہ کیا گیا۔ منگلور میں بیکری یونٹ میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، ناقص گڑ اور مضر صحت رنگوں کے استعمال پر ایک بیکری یونٹ کو سیل کیا گیا۔ چار باغ میں کاروائی کے دوران ایک دکان کو ممنوع چورن اور گوٹگا فروخت کرنے پر سیل کردیا۔ تحصیل بابوزئی میں مختلف ڈیری شاپس کا معائنہ کیا گیا، اور سامپلز لیکر اس کے ٹیسٹس کئے گئے۔ کارروائی کے دوران ناقص دودھ ثابت ہونے پر کئی سینکڑوں لٹر مضر صحت دودھ کو تلف کیا گیا۔ مانسہرہ میں بھی کارروائی کے دوران خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، اور ممنوع خوردنی اشیا رکھنے پر ایک دکان کو سیل کردیا گیا۔