پریانکا چوپڑا نے رئیلٹی شو ’دا ایکٹیوسٹ‘ میں شرکت پر معافی مانگ لی

September 18, 2021

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ کی پگی چاپس نے ایک رئیلٹی شو ’دا ایکٹیوسٹ‘ میں شرکت کرنے پر وسیع پیمانے پر ہونے والی تنقید کے بعد معافی مانگ لی ہے۔گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پریانکا چوپڑا نے لکھا کہ ’میں گذشتہ ہفتے میں آپ کی آواز کی طاقت سے متاثر ہوئی ہوں۔ مقصدیت اور اثر ہی ایکٹیوازم کی طاقت ہوتے ہیں اور جب لوگ کسی چیز کے لیے مل کر آواز اٹھاتے ہیں تو اس کا ہمیشہ اثر پڑتا ہے۔ آپ کی سنی گئی۔‘’دا ایکٹیوسٹ‘ ایک رئیلٹی شو ہے جس پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ صارفین نے ایکٹیوازم اور مقابلے کو یکجا کرنے پر اعتراض اٹھایا تھا۔ اس شو کی میزبانی کے لیے پریانکا چوپڑا، امریکی گلوکار اشر اور جولین مور کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔اس شو میں سماجی کارکنوں کو ان کے سوشل میڈیا مہم کے ذریعے پرکھا جاتا ہے۔ بہت سے لوگوں نے اس سیریز کو احمقانہ قرار دیا تھا۔ اس تنقید کے بعد پروگرام کو پانچ اقساط پر مشتمل سیریز کے بجائے ڈاکیومنٹری میں تبدیل کیا گیا ہے اور اس میں سے مقابلے کا فارمیٹ نکال دیا گیا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ ’شو کو غلط سمجھا گیا اور میں معذرت خواہ ہوں کہ میری شرکت سے آپ میں سے کافی لوگوں کو مایوسی ہوئی۔میرا ہمیشہ یہی ارادہ رہا کہ آئیڈیاز کے پیچھے چھپے ہوئے لوگوں کی طرف توجہ دلائی جائے اور عمل اور مقاصد کے اثرات جن کی وہ حمایت کرتے ہیں انہیں اجاگر کیا جائے۔‘پریانکا نے لکھا کہ ’مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس نئے فارمیٹ میں ان کی کہانیاں سامنے آئیں گی اور میں ان ساتھیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر فخر محسوس کرتی ہوں ۔