عوام کی بے لوث خدمت ہمارے خاندان کا مشن ہے، ارباب عثمان

September 19, 2021

پشاور(نمائندہ خصوصی) ممتاز سیاسی و سماجی رہنما اور جان دوست ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ ارباب عثمان خان نے کہا ہے کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارے خاندان کا مشن ہے جبکہ عوام کی طرف سے بھی ہمارے خاندان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ہمارے خاندان کا بھر پور ساتھ دیا جا رہا ہے انشا اللہ ہمارا گروپ تحصیل چمکنی میں بلدیاتی انتخابات میں عوام کی بھرپور حمایت سے کلین سویپ کرے گا اور ارباب عمر خان تحصیل چمکنی پشاور کے چیئرمین ہوں گے۔ ارباب عثمان خان نے کہا کہ تبدیلی سرکار کی طرف سے تبدیلی لانے کی بجائے ملک کو تباہی سے دو چار کر دیا گیا ہے۔ مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑدیئے گئے ہیں۔ بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے اور غریبوں کے گھروں میں فاقہ کشی شروع ہو چکی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ سے مہنگائی کی ایسی خوفناک سونامی آئےگی جو غریبوں کو بہا کر لے جائے گی۔ ارباب عثمان خان نے کہا کہ زراعت کو ترقی دے کر ہی غربت و بے روزگاری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ زراعت کی ترقی کے لئے کاشت کاروں کو بلا سود قرضے دیئے جائیں۔ ٹریکٹرز، تخم و کھادیں رعایتی نرخوں پر فراہم کئے ائیں اور کاشت کاروں کو ٹیکسوں میں چھوٹ دی جائے۔