چیف سیکرٹری کا6اضلاع میں مہنگی سبزیوں پراظہاربرہمی

September 20, 2021

لاہور( خصوصی نمائندہ) چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے 6 اضلاع میں سبزیوں کے زائد نرخوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع میں اشیاء کی قیمتوں میں فرق طلب اور رسد کے مسئلے کی بجائے انتظامی کمزوری ہے۔وہ پنجاب سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔انہوں نے قریبی اضلاع کے مقابلے میں اوکاڑہ، سیالکوٹ، قصور، چنیوٹ، فیصل آباد اور خانیوال میں سبزیوں کے زائد نرخ مقرر ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اورڈویژنل کمشنرز سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی۔مزید برآں ریجنل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف میں کتے کے کاٹنے سے زخمی بچے کو بروقت ویکسین نہ لگانے کے معاملہ کاچیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے نوٹس لے لیا۔میڈیکل آفیسر ڈاکٹر حبیب اللہ کومعطل کر کے واقعہ کی انکوائری کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔