مولانا عبدالرحمٰن اشرفی ؒ اتحادامت کے عظیم علمبردار تھے، علماء

September 20, 2021

لاہور(خبر نگار)جامعہ اشرفیہ لاہور کے سابق نائب مہتمم مولانا عبدالرحمن اشرفیؒ کی دینی خدمات کے حوالہ سے تقریب د ہوئی جس سے شیخ الاسلام جسٹس (ر) مفتی محمد تقی عثمانی، مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، مولانا انوار الحق ، مولانا قاری محمد حنیف جالندھری، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، پروفیسر مولانا محمد یوسف خان اور مولانا حامد الحق حقانی اوردیگرعلماء نے خطاب کیا ،انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالرحمن اشرفیؒ کی اتحاد بین المسلمین کے فروغ قیام امن،فرقہ واریت کے خاتمہ اور خدمت خلق کے حوالے سے روشن خدمات ناقابلِ فراموش اور تاریخ کا سنہری حصہ ہے ۔ مولانا عبدالرحمن اشرفیؒ کی تمام زندگی مولانا اشرف علی تھانویؒ کے اس امن فارمولہ ”اپنا مسلک چھوڑو نہیں اور کسی کے مسلک کو چھیڑوں نہیں“کو فروغ دینے میں گذری وہ اتحادامت کے عظیم علمبردار تھے ۔ انہوں نے کہا کہ علماءاور دینی مدارس بہت بڑی نعمت ، اسلام کی بقا اور نسل نو کے ایمان کی حفاظت کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حالات کا تقاضہ اور وقت کی اشد ضرورت ہے کہ شیخ الہند مولانا محمود حسنؒ کے مشن کے تحت مسلمانوں میں اتحادو اتفاق، مسلمانوں کا تعلق قرآن مجید سے جوڑنے اور نسل نو کے ایمان کی حفاظت کے لیے علماءاور والدین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تقریب میں مولانا قاری ارشد عبید، نائب مہتمم مولانا احمد حسن، حافظ اسعد عبید،مولانا حافظ اجود عبید، مولانا زبیر حسن، حافظ خالد حسن، مولانا زبیر حسن، مولانا زاہد محمود قاسمی، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالخالق، مولانا محمد طیب ، مولانا حکیم مظہر،ڈاکٹر قاری احمد میاں تھانوی، مولانا عبدالرو ف ملک، مولانا ڈاکٹر شاہد اویس نقشبندی اور مولانا مجیب الرحمن انقلابی سمیت دیگر علماءو مشائخ نے ملک بھر سے شرکت کی۔