واک فار پیس نامی تنظیم کے زیراہتمام سالانہ چیرٹی واک کا اہتمام

September 21, 2021

ہڈرزفیلڈ (پ ر) واک فار پیس نامی تنظیم کے زیراہتمام سالانہ چیرٹی واک کا اہتمام اس مرتبہ ہڈرزفیلڈ کے وسیع وعریض گرین ہیڈ پارک میں کیا گیا۔اس چیرٹی واک میں200 کے لگ بھگ افراد بشمول خواتین اور بچوں نے شرکت کر کے ہڈرزفیلڈکے علاوہ یارکشائر کے دیگر شہروں کی فلاحی تنظیموں اور اداروں کے لئے فنڈ ریزنگ کی ۔ چیرٹی واک میں حصہ لینے والوں کے علاوہ ہڈرزفیلڈ کے ڈپٹی میئر کونسلر محمد اختر ، ویسٹ یارکشائر پولیس کی چیف سپرنٹنڈنٹ جولی ساس ،ڈپٹی لارڈلیوٹیننٹ ویسٹ یارکشائر جان ہامنڈ بوتھ اور دیگر سرکردہ سیاسی سماجی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی ۔چیرٹی واک کے ریجنل کوآرڈینیٹر منیر احمد نے مہمانوں اور شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ 1985 میں شروع کی گئی اس سالانہ چیرٹی واک کے ذریعے کئی ملین پونڈ جمع کر کے برطانیہ کی مختلف چیرٹی تنظیموں اور اداروں میں تقسیم کر کے اس بات کو نمایاں کیا جاتا ہے کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نہ صرف اپنی معاشرتی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے بلکہ اس میدان میں اپنا موثر کردار ادا کرنے میں بھی کسی سے پیچھے نہیں ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پولیس چیف سپرنٹنڈنٹ جولی سانگس ، ڈپٹی لارڈ لیوٹیننٹ جان ہامنڈ بوتھ، ڈپٹی لارڈ میئرکونسلر محمد اختر اور اس برس و اک فار پیسں کی جمع شدہ رقوم سے حصہ وصول کرنے والی مختلف چیرٹی اداروں کے نمائندگان نے امدادی رقوم کے چیک وصول کرتے ہوئے جہاں تنظیم کا شکریہ ادا کیا وہیں کمیونٹی کے جذبے کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ مقررین نے واک فارچیرٹی کے باالخصوص فتح الحق کا شکر یہ ادا کیا جنہوں نے واک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے انہیں دعوت نامہ بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اب گلوبل ولیج بن چکی ہے جس میں ہم سب بلاتفریق رنگ نسل و مذہب مل جل کر رہتےہیں اور ہدف کی جانب پاکستانی کمیونٹی کی پیش قدمی قابل رشک ہے۔ تنظیم کے ریجنل صدرلطف الرحمان نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اختصار کے ساتھ تعلیم کی سرگرمیوں کی تفصیل پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم ہر پاکستانی برطانیہ کے ساتھ بھی محبت کے وہی جذبات رکھتا ہے جو انہیں پاکستان کے ساتھ ہیں، پاکستان ہی کی طرح برطانیہ بھی اب ہمارا ملک ہے اور اس ملک کی تعمیر وترقی کے لئے کردار ادا کرنے والوں کے شانہ بشانہ ہمیشہ پہلی صف میں کھڑے نظر آئیں گے ۔ امدادی رقوم کے چیک جن تنظیموں میں تقسیم کئے گئے ان میں مارٹن ہائوس، چلڈرن با پس ، فارگٹ کی ناٹ چلڈرن با پس ، لیڈر مائنڈ ، یارکشائر ائر ایمبولینس ، ماری کوری ، سپین ویلی سول سوسائٹی شامل ہیں۔