پنجاب بینک اور PSPA کا خواجہ سراؤں کیلئے مساوات پروگرام کا آغاز

September 21, 2021

لاہور(جنگ نیوز)پنجاب بینک اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی نے خواجہ سرائوں کیلئے مساوات پروگرام کا آغاز کردیا۔ اس پروگرام کے تحت بزرگ خواجہ سرائوں کو 3 ہزار اور معذور خواجہ سرائوں کو 2 ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے اور تمام ادائیگیاں الیکٹرنک طور پر دی بینک آف پنجاب کے ذریعے کی جائیں گی۔ جس سے ملک بھر میں مالی شمولیت کو فروغ دینے کے مجموعی ایجنڈے کے مطابق اس طبقے کیلئے فنانسنگ سمیت بینکاری کے نئے مواقع کھولیں گے۔ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دی بینک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے پی ایس پی اے کے اقدامات کی تعریف کی جو وہ معاشرے کے محروم افراد خصوصا خواجہ سرا کمیونٹی کیلئے اپنے سوشل گرانٹ پراجیکٹس کے ذریعے کررہے ہیں اور انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تقریب میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی سی ای او بینش فاطمہ ساہی نے پی ایس پی اے کے تمام جاری اور مستقبل میں ہونے والے پراجیکٹس کے بارے میں بتایا اور ان پروگرامز میں نمایاں کردار ادا کرنے پر بی او پی کی تعریف کی۔ وی سی پی ایس پی اے جمال ناصر چیمہ نے معاشرے کے محروم افراد کی بہتر کیلئے کئے جانیوالے اقدامات اور ان کی مالی مدد کیلئے حکومت کے ویژن کے بارے میں بتایا اور پی ایس پی اے کے ساتھ تعاون کرنے پر بی او پی کا شکریہ ادا کیا۔