والد کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے غریب باکسروں کو آگے لاؤں گا

September 21, 2021

پنجاب باکسنگ ایسو سی ایشن کے جنرل باڈی اجلاس میں جہانگیر ریاض مرحوم کی خدمات کو یاد رکھتے ہوئے اور باکسنگ کی ترقی کیلئے ان کے بیٹے عابد جہانگیر ریاض کو نائب صدر منتخب کیا گیا۔ عابد حسین باکسر کی زیر صدارت پنجاب اسپورٹس بورڈ لاہور میں ائندہ چار سال کے لئے عہدیداران کا انتخاب کیا گیا جس میں چیئرمین رائو زاہد قیوم، صدر عابد حسین باکسر ، جنرل سیکرٹری شرجیل ضیاء بٹ اور خزانچی کے لئےمحمد طارق گجر کو منتخب کیا گیا ۔ اجلاس میں پنجاب کے تمام ڈویژنز نے شرکت کی جس میں متفقہ طور پر عہدیداروں کا انتخاب ہوا۔

سینئر نائب صدر چوہدری محمد سلطان محمود،ایڈوائزر صدربریگیڈیئر (ر) جاویداقبال شامل ہیں جبکہ نائب صدورمیں ماسٹر محمد رمضان ساہیوال، انوار احمد گجرانوالہ ، عبدالجبارراولپنڈی، گلزار احمد فیصل آباد ،پروفیسر صفدر علی آصف لاہورجبکہ ایسو سی ایٹ سیکرٹری ندیم باجوہ شامل ہیں۔ خواتین عہدیداروں میں گجرانوالہ کی ثمرین الطاف ایسو سی ایٹ سیکرٹری ، ایگزیکٹو باڈی کہولہ اطہر لاہوراور مبشرہ ساہیوال، مردوں میں جلال حیدر سرگودھا، محمد عمران لاہور، سید قنبر علی ہمدانی بہاولپور شامل ہیں۔

ٹیبل ٹینس کے نئے قومی چیمپئن سوات
کے شاہ خان ٹرافی اٹھائے ہوئے

میڈیا کوآرڈینٹر حاجی محمد خالق مغل کو نامزد کیا گیا۔ چئیرمین پنجاب باکسنگ ایسو سی ایشن زاہد قیوم کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے۔ ہم نچلی سطح سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لائیں گے ہماری کوشش ہوگی کہ ایسے باکسر سامنے آئیںجن کے پاس ٹیلنٹ تو ہے مگر کوئی پلیٹ فارم نہیں۔ نائب صدر عابد جہانگیر ریاض اپنے والد جہانگیر ریاض کی طرح پاکستانی باکسنگ کیلئے کچھ بہتر کرنے کی سوچ رکھتےہیں۔

والد کے انتقال کے بعد عابد ریاض کو نوجوانی میں ہی بھاری ذمہ داریوں کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجودوہ اپنے والد نقش قدم پر چلتے ہوئے باکسنگ کی خدمت کا عزم رکھتے ہیں۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے والد کو جنون کی حد تک باکسنگ سے لگائو تھا ان کے مشن کو جاری رکھوں گا اور پاکستانی باکسنگ میں اپنا کردار ادا کروں گا۔ اب وقت آگیا ہے کہ باکسنگ کے حوالے سے والد کے وضع کردہ پروگرام کے مطابق ترتیب دوں۔

ملک کے غریب اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور مدد و معاونت کرکے انہیں آگے لانے میں اپنا کردار ادا کروں گا۔ پنجاب باکسنگ کا عہدیدار منتخب ہونے کے بعد باکسنگ کی عالمی تنظیم آئبا سمیت دیگر کھیلوں کی انٹرنیشنل تنظیموں سے بھی رابطہ کروں گا اور انہیں پاکستانی باکسنگ میں بہتری کی تجاویز دوں گا۔