ٹروڈو کے بڑے حریف نے شکست تسلیم کرلی

September 21, 2021

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ واضح طور پر انتخابات جیت گئے ہیں، آج کینیڈا نے ترقی پسند منصوبے کو منتخب کیا ہے، ٹروڈوکے بڑے حریف نے شکست تسلیم کرلی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کینیڈا کے کنزرویٹو رہنما Erin O'Toole کے انتخابات میں شکست تسلیم کرنے کے بعد جسٹن ٹروڈونے حامیوں سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے عوام نے کورونا وائرس سے نمٹنے اور بہتر دنوں کے لیے لبرلز کو دوبارہ منتخب کیا ہے، عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہیں۔

کینیڈین میڈیا کی پروجیکشن کے مطابق ٹروڈوکی لبرل پارٹی پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے، ٹروڈو کو حکومت بنانے کیلئے ایک اور پارٹی کی حمایت کی ضرورت ہوگی۔

کینیڈا کے انتخابات میں لبرلز کو 156 الیکٹورل ڈسٹرکٹس میں سبقت حاصل ہے، جب کہ کنزرویٹوز 122 ڈسٹرکٹس میں آگے ہیں۔

کینیڈا میں حکومت بنانے کیلئے ہاؤس آف کامنز کی 338 نشستوں میں سے 170 نشستوں پر کامیاب ہونا ضروری ہے، بعض علاقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے ڈاک سے بھیجے گئے ووٹوں کے باعث نتائج میں تاخیر کا امکان ہے، مکمل نتائج جمعرات تک متوقع ہیں۔