سارہ اور فلک کے ننھے مہمان کا کمرہ تیار

September 22, 2021


پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی سارہ خان اور فلک شبیر نے اپنے ہونے والے بچے کا کمرہ تیار کروالیا۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر گلوکار فلک شبیر کی جانب سے اسٹوری میں ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں اُنہوں نے مداحوں کو اپنے گھر آنے والے ننھے مہمان کے کمرے کی جھلک دِکھائی۔

انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سارہ خان اور فلک شبیر نے اپنے بچے کے کمرے کی تھیم سفید اور گلابی رنگ کی رکھی ہے۔

کمرے میں ایک بیڈ رکھا ہوا ہے جس پر سفید اور گلابی رنگ کی بیڈ شیٹ ہے جبکہ اُس میں ایک چھوٹی سی الماری بھی ہے جس میں بچے کے مختلف ملبوسات رکھے ہوئے ہیں۔

بیڈ پر ایک بڑا سا ٹیڈی بیئر بھی رکھا ہوا ہے اور کمرے میں بچے کے لیے جھولا اور رامپر بھی رکھا ہوا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سارہ خان اور فلک شبیر نے اپنے ہونے والے بچے کے لیے سفید رنگ کے فرنیچر کا انتخاب کیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو کو بہت پسند کیا جارہا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ کمرے کی تھیم دیکھ کر لگ رہا ہے کہ اس جوڑی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوگی۔

تاہم ابھی تک سارہ خان اور فلک شبیر کی جانب سے اُن کے ہونے والے بچے کی جنس نہیں بتائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس جون میں سارہ خان نے اپنے ہاں ننھے مہمان کی جلد آمد متوقع ہونے کی خوشخبری سُنائی تھی۔

گزشتہ سال شادی کے بندھن میں بندھنے والی پاکستان کی معروف اداکارہ سارہ خان نے انسٹاگرام پر ننھے مہمان کی آمد کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا تھا کہ فلک اور میری زندگی میں بہت جلد ننھا مہمان آنے والا ہے، بس آپ سب لوگ ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔

سارہ خان پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی منجھی ہوئی اداکارہ ہیں، آج کل انہوں نے ڈرامہ سیریل ’لاپتہ‘ میں اپنی جاندار اداکاری سے مداحوں کے دل جیتے ہوئے ہیں۔