عمر شریف کی امریکا منتقلی کیلئے ائیر ایمبولینس کی جلد پاکستان آمد متوقع

September 23, 2021

کراچی(صباح نیوز) معروف کامیڈین عمر شریف کو امریکہ لے جانے کے لیے ائیر ایمبولینس اگلے 48گھنٹوں میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ جائے گی۔تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈین عمر شریف کی بیرون ملک علاج کیلئے روانگی کے معاملے پر ایئرایمبولینس کے لیے رقم امریکی بینک کو منتقل کردی گئی۔ رقم کی منتقلی کے بعد ایئرایمبولینس 48 گھنٹے میں پاکستان پہنچ جائے گی۔محکمہ صحت سندھ نے معروف فنکار اور اداکار عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کے حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ کو خط لکھا تھا ، جس میں وفاقی حکومت سے ایئر ایمبولینس سے متعلق تمام مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی درخواست کی تھی۔خط میں کہا گیا تھا کہ ایئر ایمبولینس اور عمر شریف کے علاج کے تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔