پاکستانی ڈاکٹر کاشف ریاض کو ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

September 24, 2021

ویانا(نمائندہ جنگ) ویانا میں ہونے والی آئی اے ای اے (انٹر نیشنل اٹامک انرجی ایجنسی ) کی 65 ویں جنرل کانفرنس کے موقع پر پاکستان کو تین ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ان ایوارڈز میں زرعی تحقیقی ادارہ نایاب جوفیصل آباد میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تحت قائم ہے، کو بہترین انسٹی ٹیوٹ اور وہاں کی کپاس کے تحقیقی سائنسدانوں کو اورخصوصاً ڈاکٹر کاشف ریاض خان کو نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائیزیشن اور بین الاقوامی ادارہ برائے جوہری توانائی کی جانب سے ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر کاشف ریاض خان پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زرعی ترقیاتی ادارے نایاب سے منسلک ہیں۔ آئی اےای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے یہ اعزازات عطاکئے۔ یہ اعزازات پاکستان میں ہونے والی نیوکلئیر تکنیک کے ذریعے سے زرعی شعبہ میں تحقیق کے اعلیٰ معیار کا عالمی اعتراف ہے۔ پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم نے بیک وقت تین عالمی اعزازات ملنے پر پی اے ای سی ٹیم کو مبارکباد اور شاباش دی ہے انہوں نے کہا کہ اٹامک انرجی کمیشن زراعت کے شعبہ میں پر امن جوہری توانائی کے استعمال میں اضافہ کرے گا- مزید براں انسٹی ٹیوٹ کا ایوارڈ چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے خود وصول کیا اور چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن پیس پاکستان محمد نعیم نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کا پاکستان کو ایوارڈز دینے پر اپنے مختصر خطاب میں شکریہ ادا کیا۔ینگ سائنٹسٹ کا ایوارڈ ملنے پر ڈاکٹر کاشف ریاض خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت شکرگزار ہوں آئی اے ای اے کا اور ایف اے او کا جس نے اس چیز کو آرگنائز کیا اور یہ میرے لیے قابل مسرت ہے بلکہ میں مبارک باد دیتا ہوں اہل وطن کو اور میں شکر گزار ہوں آئی اے ای اے کا بھی پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا بھی جس نے مجھے موقع دیا اور میں یہاں تک پہنچا، پوری قوم کو میری اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور میری اللہ پاک سے دعا ہے کہ میں اسی طرح پاکستان کے لیے کامیابیاں حاصل کرتا رہوں اور پاکستان کا نام روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہوں۔