ویانا میں پاکستان اور آذربائیجان کے وفود کےدرمیان ملاقات

September 24, 2021

ویانا(نمائندہ جنگ)پاکستان اور آذربائیجان کے وفود میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی 65 ویں جنرل کانفرنس کے موقع پر دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ پاکستانی وفد کی قیادت پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے چیئرمین محمد نعیم نے جبکہ آذربائیجان کے وفد کی قیادت نائب وزیر فیگ تگی زادہ نے کی۔ ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر آفتاب احمد کھوکھر بھی ملاقات میں شریک تھے۔ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان آئی اے ای اے کے زیراہتمام تعاون جاری ہے جس کے تحت کپاس کی پاکستانی اقسام جو کہ ایٹمی تکنیک کے ذریعے بیماریوں اور موسم کے خلاف مزاحم ہے، کو آذربائیجان میں بھی کاشت کیا جا رہا ہے تاکہ کپاس کی پیداوار بڑھائی جا سکے۔ جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں فریقوں نے ایٹمی ادویات اور کینسر کے علاج پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اسے دیگر شعبوں خصوصا صحت میں بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک اس سلسلے میں ویانا میں اپنے مستقل مشنز کے ساتھ ساتھ اسلام آباد اور باکو میں اپنے سفارت خانوں کے ذریعے اپنی مصروفیات جاری رکھیں گے۔