فٹ پاتھ کے بعد سڑکوں پر بھی تجاوزات، ٹریفک نظام درہم برہم

September 24, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میں بڑھتی ہوئی تجاوزات نے ٹریفک سمیت نظام زندگی مفلوج کر رکھا ہے، قانون نام کی کوئی چیز نہ ہونے کی وجہ سے اب سڑکوں پر دکانداری ہوتی ہے بالخصوص راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کے زیرانتظام علاقوں میں صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے ۔ شہریوں کے مطابق ایڈمنسٹریٹر سمیت کسی سرکاری اہلکار یا عوامی نمائندے کو یہ بگاڑ درست کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ کمرشل مارکیٹ، صادق آباد، مسلم ٹائون، سرکلر روڈ، جامع مسجد روڈ، اقبال روڈ، سٹی صدر روڈ، گنج منڈی، نمک منڈی، ٹرنک بازار، پرانی سبزی منڈی، پیرودھائی، اڈیالہ روڈ، ڈھوک چوہدری اور مری روڈ سمیت شہر کی کئی سڑکیں ایسی ہیں جہاں ایک ساتھ تین اور چار گاڑیاں آسانی سے گزر سکتی ہیں مگر تجاوزات کے باعث ان سڑکوں پر ایک گاڑی کا چلنا بھی مشکل ہو جاتا ہے، فٹ پاتھ تو دکانداروں نے پہلے ہی اپنا حق سمجھ کر قبضے میں لے رکھے تھے اب انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت سے سڑکوں پر بھی براجمان ہو چکے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شہر میں تجاوزات سے پیدا ہونے والے مسائل کے ذمہ دار میونسپل کارپوریشن میں تعینات بعض وہ ملازم ہیں جو اپنے سرپرستوں کی ضرورتیں پوری کرنے کی وجہ سے کئی برسوں سے یہیں تعینات ہیں۔