ایپکاکا احتجاج ،ٹریفک جام ،حکومت کے خلاف نعرے

September 24, 2021

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کی کال پر مطالبات کی منظوری کے لئے استنبول چوک مال روڈ پر شدید احتجاج کیا گیا جس میں سینکڑوں ملازمین شریک ہوئے۔ ایپکا مظاہرین موجودہ تنخواہ پر 25 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس نہ ملنے پر احتجاج کررہے تھے۔ احتجاج کی وجہ سے مال روڈ کے دونوں اطراف شدید ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے امتیازی سلوک کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ایپکا ارشاد چودھری نے کہا کہ پنجاب کے ملازمین کو بھی وفاق کی طرز پر 25فیصد الائونس موجودہ تنخواہ پر دیا جائے۔ ایپکا کے احتجاج اور دھرنے پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے چیف سیکرٹری سے رابطہ کیا اور چیف سیکرٹری کے نمائندہ کی حیثیت سے سلوت سعید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایپکا قائدین سے مذاکرات کئے جس کے بعد دھرنا موخر کردیا گیا۔