تیمور اور جہانگیر کو اداکار نہیں بنانا چاہتی: کرینہ کپور

September 24, 2021

بالی ووڈ اداکارہ اور بیبو کے نام سے مشہور کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے دونوں بیٹوں تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان کو اداکار نہیں بنانا چاہتیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنے دونوں بیٹوں کے مستقبل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نہیں چاہتی کہ تیمور اور جہانگیر بڑے ہو کر فلمی ستارے بنیں۔‘

کرینہ کپور نے کہا کہ ’میں چاہتی ہوں کہ میرے دونوں بیٹے مکمل طور پر ایک جینٹل مین ہوں، میں چاہتی ہوں کہ لوگ کہیں کہ اُنہیں اچھی پرورش ملی ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’لوگوں سے تیمور اور جہانگیر کی پرورش کی تعریف سُن کر مجھے بہت خوشی ہوگی اور میں سوچوں گی کہ میں نے اپنا حق ادا کردیا ہے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں بالکل نہیں چاہوں گی کہ میرے دونوں بیٹے اداکار بنیں بلکہ مجھے خوشی ہوگی اگر وہ کسی الگ شعبے کا انتخاب کریں گے اور میں اپنے بیٹوں کو مکمل طور پر سپورٹ کروں گی۔‘

دوسری جانب بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان نے اپنے بیٹوں ابراہیم علی خان، تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان کو نصیحت کی ہے کہ اگر انہیں فن اداکاری میں ان کے (میرے) نقش قدم پر چلنا ہے تو پھر غلطیوں پر شرمانہ یا گھبرانا نہیں چاہیے اور ساتھی اداکاروں سے سیکھنا چاہیے۔

سیف علی خان نے کہا کہ کوشش کریں کہ اچھی چیز کریں، کہنا آسان اور کرنا مشکل ہوتا ہے اور غلطی یقیناً ہوتی ہے لیکن اصل چیز یہ ہے کہ ہم جس دنیا میں رہتے ہیں اس کے لیے ہمیں کچھ دینا ہوتا ہے، میرے خاندان نے اپنے لیے انٹرٹینمنٹ کا شعبہ چنا، تو پھر ہمیں انٹرٹینمنٹ کو ہی یقینی بنانا ہوگا۔

واضح رہے کہ سیف علی خان اور ان کی پہلی بیوی امریتا سنگھ کے دو بچے ابراہیم علی خان اور سارہ علی خان ہیں، سارہ جو کہ بالی ووڈ میں اداکاری شروع کرچکی ہیں اور وہ وہاں کافی مقبول بھی ہیں تاہم ابراہیم نے ابھی اپنے کیریئر کا آغاز نہیں کیا ۔