سخت اقدامات کے باوجود برطانیہ پر غیر قانونی تارکین وطن کی یلغار

September 25, 2021

راچڈیل(نمائندہ جنگ)ہوم آفس کی طرف سے سخت ترین اقدامات کے باوجود برطانیہ پر غیر قانونی مہاجرین کی یلغار جاری ہے رواں سال ماہ ستمبر میں انگلش چینل عبور کر کے برطانیہ پہنچنے والے غیر قانونی مہاجرین نے ماضی کے ریکارڈ توڑ ڈالے ماہ ستمبر میں ابتک 3ہزار414مہاجرین برطانیہ پہنچ چکے ہیں۔ اس سے قبل ماہ جولائی میں 3ہزار509مہاجرین کے برطانیہ میں داخل ہونیکا ریکارڈ تھا مگر ستمبر کے اعدادو شمار کے مطابق مہاجرین نے جولائی کا ریکارڈ توڑ ڈالا ڈوور مرینا کینٹ میں آج صبح بھی 80کے قریب غیر قانونی مہاجرین پہنچے جنہیں بارڈر سیکیورٹی فورسز نے محفوظ مقام پر منتقل کیا مہاجرین میں مرد ‘ خواتین ‘ اور نوجوان لڑکوں سمیت بچے بھی شامل تھے تمام مہاجرین کو پروسیسنگ کیلئے متعلقہ حکام کے سپرد کر دیا گیا۔آر ین ایل آئی ڈوور لائف بوٹ کے عملہ نے انگلش چینل عبور کرنیوالے مذکورہ مہاجرین کے گروپ کو تحویل میں لیا یہ امر قابل ذکر ہے کہ پرسکون سمندر اور گرم موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انسانی اسمگلروں نے انگلش چینل عبور کرانیوالے غیر قانونی مہاجرین کی کوششوں کو تقویت دی ہے یہ امرقابل ذکر ہے کہ دو یوم قبل بھی پانچ کشتیوں پر سوار ہو کر برطانیہ پہنچنے والے 134مہاجرین کو پروسیسنگ سنٹر منتقل کیا گیا ہوم آفس کے مطابق فرانس کی طرف سے سمندری راستے کا انتخاب کرنیوالے کم از کم 60افراد کو برطانیہ میں داخل ہونے سے روکا بھی گیا برطانیہ میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونیوالے مہاجرین کی تعداد رواں سال ابتک 15ہزار 840تک پہنچ چکی ہے جس میں مسلسل اضافے کی توقع کی جا رہی ہے ۔