سبینا نسا کے قتل کے الزام میں ایک اور شخص کی تصویریں جاری

September 26, 2021

لندن (جنگ نیوز) پرائمری اسکول کی ٹیچر 28 سالہ سبینا نیسا کے قتل کے الزام میں پولیس نے ایک اور شخص کی تصویریں جاری کی ہے جس سے پولیس بات کرنا چاہتی ہے۔ پولیس کے مطابق سبینا کا پیر کے روز ہونے والا پوسٹ مارٹم نتیجہ خیز نہیں رہا تھا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ انسپکٹر نیل جان نے کہا ہے کہ پولیس نے جس شخص کا خاکہ جاری کیا ہے، لیوشم اور گرینج میں رہنے والے افراد اسے خاص طور پر دیکھیں اور شناخت ہونے کی صورت میں پولیس کو مطلع کریں، عوام کی طرف سے دی گئی معمولی سی معلومات بھی بہت اہم ثابت ہو سکتی ہے۔سبینا کو گزشتہ جمعہ کی شام اس کے گھر کے پاس پارک میں اس وقت قتل کردیا گیا تھا جب وہ اپنے دوست سے ملنے کیلئے 5 منٹ کی مسافت پر واقع پب جارہی تھی، سبینا کی لاش ہفتہ کے صبح پارک سے گزرنے والے ایک شخص کو ملی تھی۔سبینا کیٹ فورڈ کے رشی گرین اسکول میں پڑھاتی تھی جہاں کی ہیڈ ٹیچر لیز ولیمز نے سبینا کو مہربان، خیال رکھنے والی اور پورے یکسوئی کے ساتھ بچوں کو پڑھانے والی ٹیچر قرار دیا ہے۔