افغان معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، شاہ محمود قریشی

September 28, 2021

لندن/اسلام آباد (خبرایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےکہاہےکہ افغان معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، عدم استحکام غنی حکومت کی وجہ سے ہے،دوسری جانب نہتے کشمیری بدترین بھارتی محاصرے میں ہیں،وقت آگیا ہےکہ پاکستان برطانیہ اسٹرٹیجک شراکت داری کوآگے بڑھائیں۔گزشتہ روز شاہ محمود قریشی سے برطانوی پارلیمنٹ کے ہائوس آف کامنز کی خارجہ امور اوردفاعی کمیٹیوں کے سربراہان نےلندن میں ملاقات کی،وفد کی سربراہی ہائوس آف کامنز سلیکٹ کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ ٹام ٹگن ڈاٹ اور ڈیفنس کمیٹی کے سربراہ ٹوبیاس ایلووڈ کر رہے تھے،اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ قریبی دوست اور دیرینہ شراکت دار ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ پاک برطانیہ اسٹرٹیجک شراکت داری کوآگے بڑھایا جائے، افغان معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب ہے،عالمی برادری، افغانوں کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے آگے بڑھے،وزیر خارجہ نے برطانوی پارلیمنٹیرینز کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کیا وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور برطانیہ کی سوچ میں ہم آہنگی ہے،دونوں ممالک افغانستان میں قیام امن چاہتے ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے اور عالمی برادری کو افغانوں کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے آگے بڑھنا چاہیے، افغانستان میں عدم استحکام سے افغان مہاجرین کی یلغار سمیت کئی مسائل سر اٹھائیں گے۔وزیر خارجہ نے برطانوی پارلیمنٹیریرینز کو بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم،بدترین محاصرے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ ہم نے بھارتی قابض افواج کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم پر 131 صفحات پر مشتمل ’’ڈوزیئر‘‘جاری کیا ہے جس میں بھارتی افسران کے جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔