نعتِ رسولﷺ: صداقت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐ سے سیکھو...

October 17, 2021

ارسلان اللہ خان

صداقت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐ سے سیکھو

امانت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐ سے سیکھو

ہر اِ ک مخلوق پر شفقت، ہر اِک مخلوق پر رحمت

محبّت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐ سے سیکھو

غریبوں پر، ضعیفوں پر، مریضوں پر کرم کرنا

عنایت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐ سے سیکھو

کوئی دُشمن، پڑوسی بھی ہوا بیمار تو پوچھا

عیادت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐ سے سیکھو

سمجھ میں صاف آتا تھا کلامِ مصطفیٰ ؐ سب کو

فصاحت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐسے سیکھو

دِلوں کو نرم کردیتی تھیں باتیں میرے آقاؐکی

بلاغت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐسے سیکھو

ذرا دیکھو نبیِ محترمؐ کا آخری خطبہ

خطابت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐسے سیکھو

رسولِ پاکؐ بچّوں سے بہت ہی پیار کرتے تھے

جو شفقت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐ سے سیکھو

مخالف دل بھی کِھنچتے تھے مِرے سرکا رؐ کی جانب

متانت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐ سے سیکھو

وہ خود فاقے سے ہو کر بھی صحابہؓ کو کِھلاتے تھے

سخاوت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐ سے سیکھو

نہیں شرم و حیامیں بھی کوئی اُس ذات سے بڑھ کر

جو عِفّت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐ سے سیکھو

نمازیں ہوں، کہ روزے ہوں، کہ حّجِ خانۂ کعبہ

عبادت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐ سے سیکھو

محمّد مصطفیٰ ؐ تھے ارسلاںؔ مظلوم کے حامی

حمایت سیکھنی ہو تو مِرے سرکارؐ سے سیکھو