جامعہ کراچی کے پروفیسر نے مسلم دنیا کا سب سے بڑا سائنسی ایوارڈ اپنے نام کرلیا

October 15, 2021

جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے مسلم دنیا کا سب سے بڑا سائنسی ایوارڈ ’مصطفی پرائز لاریئٹ2021 ‘ اپنے نام کرلیا۔

’بائیو آرگینک کیمسٹری‘ کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اس ایوارڈ سےنوازا گیا۔

15 ممالک کے کم از کم 50 سائنسدان اور اسکالرز اس سال ’مصطفی پرائز لاریئٹ2021 ‘ ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

مصطفی پرائز کی سائنسی کمیٹی کے رکن حسین نادرمنیش نے ایوارڈ جیتنے والوں کا اعلان کیا۔

ایوارڈ اپنے نام کرنے والے ہر شعبے کے شخص کو 5 لاکھ ڈالر کا ایوارڈ، سرٹیفکیٹ اور میڈل دیا جاتا ہے۔

2012 میں بین الاقوامی سطح پر سائنسی مہارت کی علامت کے طور پر قائم کیے گئے اس پرائز کو مسلم دنیا کے نوبیل انعام کی اہمیت دی جاتی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اس وقت جامعہ کراچی میں بین الاقوامی مرکز برائے کیمیکل اور حیاتیاتی سائنسز (آئی سی سی بی ایس) کے ڈائریکٹر ہیں۔

ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری عالمی شہرت یافتہ ادویات کے کیمسٹ ہیں، بین الاقوامی جرائد میں ان کے تحقیقی مقالے شائع ہو چکے ہیں۔